کویت( محمد عرفان شفیق)کویتی حکومت کی جانب سے ہندوستانی پھل اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کرنے سے پاکستانی پھل اور سبزیوں کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق ہند کی ریاست کیرالہ اور جنوبی ہند میں نیپا وائرس سے 13 افراد کی ہلاکت کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد کویت کی حکومت نے ہندوستانی سبزیوں اور پھلوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ مذکورہ وائرس انسان اور جانور دونوں کے لئے خطرناک سمجھا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق کویت کی فوڈ سیفٹی کمیٹی نے نیپا وائرس کی وجہ سے پابندی کی تجویز دی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے بھی ہند سے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔