شریف فیملی ذرائع آمدن ثابت نہیں کرسکی،نیب
اسلام آباد...احتساب عدالت میں زیرسماعت ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شریف فیملی ذرائع آمدن ثابت نہیں کرسکی۔نواز شریف گلف اسٹیل ملز کے مالک ہیں جب کہ قطری خط بھی غلط ثابت ہوگیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز ذرائع آمدن ثابت نہیں کرسکے۔مریم نواز نے اصل حقائق چھپائے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بطور گواہ ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کئے ۔ ملزمان نے تفتیشی ایجنسی کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی ۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں حسین نواز کا بیان پڑھ کر سنایا اور کہا کہ حسین نواز 1992 میں لندن پڑھائی کےلئے گئے۔ انہوں نے خود کہا کہ وہ ایک سال ہاسٹل میں رہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ 1993 میں لندن فلیٹس میں منتقل ہوئے پھر یہیں مقیم رہے ۔ مریم نواز اس پراپرٹی کی بینیفشل آنر ہیں۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ حسین نواز لندن فلیٹس کے گراونڈ رینٹ اور یوٹیلیٹی بلز بھی ادا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ1994 میں لندن فلیٹ میں رہنا شروع کیا۔نیب پراسیکیوٹر کے مطابق نواز شریف جانتے ہیں کہ حسین نواز 90 کی دہائی کے آغاز سے لندن فلیٹس میں رہ رہے ہیں۔