ریاض- - - - سعودی وزارت انصاف نے امسال عید الفطر کے دوران سرسری سماعت والے مقدمات نمٹانے کیلئے 52عدالتوں کا انتخاب کر لیا۔ یہ عدالتیں صبح 8بجے سے دوپہر 12بجے تک کام کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق شیخ ڈاکٹر ولید الصمعانی نے سرسری عدالت کے تقاضے پورے کرنے کیلئے 59ججوں کا انتخاب کر لیا۔عید کے دوران ریاض، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، دمام، جدہ ، ابھاء ، بریدہ، باحہ، حائل ، الاحسا، جازان ، تبوک، نجران، سکاکا ، طائف، خمیس مشیط اور الخرج میں فوجداری کے مقدمات نمٹانے کیلئے 17عدالتیں مختص کی گئی ہیں جبکہ الزلفی ، حوطۃ بنی تمیم ، الافلاج، شکرہ،المجمع، القویہ، وادی الدواسر ، عفیف، دوادمی، قنفذہ ، اللیث، ینبع، بیشہ ، بلقرن، تثلیث ، عنیزہ، الرس، حفرالباطن ، ضباء ، عرعر، رفحا ، القریات اور محایل عسیر میں 23جنرل کورٹس عدالتی عمل انجام دیں گی۔ وزارت انصاف نے 12شہروں میں عدالتی فیصلے نافذ کرانے کیلئے 12ایگزیکٹو عدالتوں کا انتخاب کیا ہے۔ وزارت انصاف نے 8،9شوال کیلئے مقرر مقدمات کی نئی تاریخیں حاصل کرنے کی ہدایت بھی دیدی ہے۔