اسلام آباد..صدر ممنون شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے چین پہنچ گئے ۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل رکن کی حیثیت سے شرکت کے بعد تنظیم کا یہ پہلا سربراہ اجلاس ہے۔ اجلاس کے موقع عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ بیجنگ میں چینی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ممنون نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم شنگھائی جذبے کی اقدار کی تائید کرتی ہے جو مختلف تہذیبوں کیلئے اعتماد، احترام ،مساوات اور مشترکہ ترقی کے مواقع تلاش کرنے کے نمایاں پہلووں پرمشتمل ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک نئے رکن کی حیثیت سے پاکستان ان اقدار کی بنیاد پر تنظیم کے تمام ارکان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی تعاون کیلئے ایک اہم فریم ورک تصور کرتا ہے ۔ اس نے خطے میں امن وسلامتی کے تحفظ میں اہم کردارادا کیا ہے۔صدر نے تنظیم کے انسداد دہشت گردی کے علاقائی ڈھانچے کی تعریف کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف تعاون کیلئے اہم اورکارآمد فورم قراردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی کے علاقائی ڈھانچے کے ذریعے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اپنے تجربات کاتبادلہ کریںگے۔