Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک لبیک پاکستان ملکی سطح پر انتخابات میں حصہ لے گی ، علامہ شفیق قادری

 کسی سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے ، ٹی ایل پی کے رہنما کاخطاب اور اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) تحریک لبیک پاکستا ن خیبر پختونخوا کے امیر ڈاکٹر علامہ شفیق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مکمل اسلامی نظام کا نفاذ ہمارا بنیادی منشور ہے اسی ایجنڈے کے تحت تحریک لبیک انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی ۔ وہ جدہ میں ٹی ایل پی کے امیر اویس رضا قادری کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔ قادری نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ پاکستان کا قیام نظام مصطفی کے نام پر ہوا تھا مگر افسوس کہ 70 برس گز رجانے کے باوجود آج تک ہم نظام مصطفی سے محروم ہیں ۔صاحب اقتدا ر طبقہ عوام کو اس نظام سے د ور رکھنا چاہتا ہے جس کے نفاذ سے ملنے والے مثالی ثمرات سے ہر ایک مستفیض ہو گا اسی لئے ہمارے حکمران اس نظام کو مکمل طور پر وطن میں رائج نہیں کرنے دینا چاہتے ۔ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اب بلا تاخیر تحریک کے پلیٹ فارم سے بھر پور انداز میں انتخابات میں حصہ لیا جائے جس کےلئے ہر کارکن کو چاہئے کہ وہ تحریک کی کامیابی کےلئے بھر پور کوشش کرے ۔ بعدازاں اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے صوبائی امیر نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں لبیک پاکستان اپنے ایک نکاتی ایجنڈے " نفاذ نظام مصطفی " کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی ۔ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کاقطعی ارادہ نہیں ۔ ٹی ایل پی تنہا ملکی سطح پر الیکشن لڑے گی ۔ ایم ایم اے سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سوال پر قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سابقہ صورتحال کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ کسی جماعت سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ دینی جماعتوں نے بھی ماضی میں جو کیا وہ سب کے سامنے ہے ۔ کے پی کے میں انکی حکومت رہی مگر وہاں کچھ نہیں ہوا اس لئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ تنہا اس انتخابات میں حصہ لیں گے خواہ ہمیں ایک سیٹ ہی کیو ں نہ ملے ۔ تقریب سے تحریک لبیک پاکستان ، سعودی عرب کے امیر اویس رضا قادری نے مہمان خصوصی اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا دنیا بھر میں تحریک لبیک غیر معمولی کامیابی حاصل کر رہی ہے ۔ آئندہ انتخابات میں ٹی ایل پی بھر پورحصہ لے گی جو سب کےلئے خوش آئند بات ہے ۔
 

شیئر: