کویت میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد
کویت : محمد عرفان شفیق
رمضان المبارک کے پر کیف لمحات میں کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی بلڈ ڈونیشن کی دو نمائندہ تنظیموں، پاکستان بلڈ ڈونرز اِن کویت اور کویت پاکستان بلڈ ڈونرز، نے مشترکہ طور پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ کیمپ رات 8بجے شروع ہوا اور بلا تعطل رات ایک بجے پاکستان انگلش اسکول و کالج جلیب الشیوخ میں جاری رہا۔ کیمپ میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور خون کے عطیات بڑھ چڑھ کر دیے۔ پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مصری، ہندوستانی، بنگلہ دیش اور دیگر کمیونٹی کے افراد نے بھی بھر پور حصہ لیا۔ پاکستان بزنس کونسل کویت کے صدر محمد عارف بٹ نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کی دو تنظیمیں مشترکہ طور پر اس کیمپ کا انعقاد کر رہی ہیں۔ کویت پاکستان بلڈ ڈونرز کے عماد میر اور پاکستانی بلڈ ڈونرز ان کویت کے عامر حمید نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ رمضان کے مہینے میں خون کا عطیہ کرنا ثواب کا کام ہے۔ خون کا عطیہ3 قیمتی جانیں بھی بچاتا ہے۔ کیمپ کاپاکستانی تنظیموں کے صدور اور عہدیداروں نے بھی دورہ کیا۔
کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خبریں یہاں پڑھیں