کسی بلیم گیم میں نہیں پڑیں گے،بیرسٹر علی ظفر
اسلام آباد ... نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ نگران حکومت غیر جانبدار ہو کر اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتی ر ہے گی۔ کسی بلیم گیم میں نہیں پڑیں گے۔بجلی کی پیداوار ،طلب اور رسد کی صورتحال سمیت تما م ایشوز پر حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔ پرامن انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی درخواست پر حساس اور حسا س ترین پولنگ ا سٹیشنوں کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔نگران حکومت شفاف، غیر جانبدارانہ اوربروقت انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہو لتیں اور تعاون فراہم کریگی۔فاٹا کے کے پی کے میں انضمام کے متعلق اشوز کو حل کرنے کے لئے وزیراعظم نے کمیٹی قائم کی ہے جو جلد اپنا کام مکمل کرے گی۔ اگر کسی کو بھی کوئی شکایت ہے تو نگران حکومت سے بات کریں ،کسی بھی معاملے پر احتجاج کرنا آئینی حق ہے۔نگران حکومت احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے بعد فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہوگیا۔آئینی ترمیم حکومت کی مدت ختم ہونے کے آخری ایام میں ہوئی اس لئے عملدرآمد کے بہت سے ایشوز تھے ۔آئین کے مطابق نگران حکومت ہر طرح کے امور روزانہ کے بنیاد پر نمٹا رہی ہے۔