چاروں صوبوں میں چیف سیکیریٹری اور آئی جی تبدیل
اسلام آباد ..نگران وزیراعظم جسٹس ناصر الملک سے چاروں صوبائی وزرائے اعلی نے ملاقات کی۔ مجموعی صورتحال اورآئندہ انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ الیکشن کمیشن کے خط کی روشنی میں چاروں صوبوں اور وفاق میں اعلی انتظامی عہدوں پر اچھی شہرت کے حامل غیر سیاسی افسران کو تعینات کرنے پر اتفاق ہوگیا ۔ جلد اس حوالے سے عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔ صوبوں نے بھی اپنی سفارشات دی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آئندہ انتخابات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعظم نے بروقت، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے عزم کو دہرایا اور وزرائے اعلی کو بھی ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ دریں اثناءنگران وفاقی کابینہ نے ملک میں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جی پولیس کے تقرر کی منظوری دےدی ۔ اکبر حسین درانی کو پنجاب، اعظم سلمان خان کو سندھ، نوید کامران بلوچ کو خیبرپختونخوا اور اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکرٹری جبکہ ڈاکٹر کلیم امام کو پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو سندھ، محمد طاہر کو خیبرپختونخوا اور محسن حسن بٹ کو بلوچستان کا آئی جی پولیس مقرر کر دیا گیا ۔