یوپی: سرکاری اسکولوں کے نصاب میں شامل یوگی کے استاد کی سوانح حیات
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کے سرکاری اسکولوں میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے استاد بابا گورکھ ناتھ کی سوانح حیات پر مبنی مضمون کتاب میں شامل کیا جائیگا۔ جولائی سے شرو ع ہونیوالی نئے تعلیمی سال سے کتاب میں گورکھ ناتھ کے علاوہ بابا گمبھیر ناتھ کے بارے میں بھی پڑھایا جائیگا۔علاوہ ازیں مجاہد آزادی بندھو سنگھ اور رانی اونتی بائی سمیت بندیل کھنڈ بہادربھائی آلہ اور اودل کو بھی کتاب میں مضمون کی حیثیت سے جگہ دی گئی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ہی ان شخصیات کے کارناموں کویوپی کے سرکاری اسکولوں میں پڑھائی جانے والی نصابی کتاب میں شامل کرنے کیلئے بیسک ایجوکیشن بورڈ کو ہدایات دی گئی تھیں۔بیسک ایجوکیشن بورڈ کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ان سماجی شخصیات کو نصاب میں اس لئے شامل کیا گیا کیونکہ یہ زیادہ معروف نہیں اور نئی نسل کو ان کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔