Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارلیمانی انتخابات کے پیش نظریوپی میں آر ایس ایس کی حکمت عملی

لکھنؤ۔۔۔۔۔اترپردیش میں حالیہ ضمنی انتخابات میں ایس پی،بی ایس پی اتحاد اور مشترکہ حزب اختلاف کے ہاتھوں  شکست  کے بعد بی جے پی کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ اس سے نمٹنے کے لئے بی جے پی نے اترپردیش کو آر ایس ایس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنگھ کی ہدایت کے مطابق اترپردیش کو 6 حصوں میں تقسیم کرکے ہر ایک حصہ کی ذمہ داری علیحدہ علاقائی تنظیمی سکریٹری کے سپرد کی گئی ہے۔اترپردیش بی جے پی کے صدر مہندر پانڈے نے ہفتہ کو اترپردیش بی جے پی کی علاقائی تنظیمی سکریٹریوں کے شعبوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ نئے نظام کے مطابق بنارس کے تنظیمی سکریٹری رتناکر کو بنارس کے ساتھ گورکھپورعلاقہ کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ وہیں بی جے پی شعبوں کے انچارج پردومن کو اودھ (لکھنؤ) علاقہ کا تنظیمی سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بھوانی سنگھ کو برج علاقے کے ساتھ کانپور بندیل کھنڈ کا بھی کام حوالے کیاگیا ہے۔ وہ آگرہ میں رہ کرکارکردگی پرنظر رکھیں  گے۔علاوہ ازیں گورکھپور کے سکریٹری شیو کمار پاٹھک، کانپور کے اوم پرکاش، اودھ کے برج بہادر کو فی الحال عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔اس تبدیلی کوپارلیمانی انتخابات میں اترپردیش کی اہمیت کے پیش نظر اٹھایا گیا قدم تصور کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -کیجریوال کا 3 وزراء سمیت لیفٹیننٹ گورنر کی قیام گاہ پر دھرنا

شیئر: