زرداری اور فریال تالپور کیخلاف سازش؟
نواب شاہ... سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن سے باہر نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ کوئی تیسری قوت آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن سے باہر کرنا چاہتی ہے ۔ الیکشن کمیشن نوٹس لے اور تحقیقات کرے کہ اس سارے معاملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 سے امیدوار آصف علی زرداری پر 2اعتراضات داخل کئے گئے تاہم اعتراضات داخل کرنے والوں نے اپنے درخواستیں واپس لے لیں ۔ جب ریٹرننگ آفیسر نے فارم بحا ل کرنے تھے اچانک نئی درخواست دائر کردی گئی ۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف منظم سازش کی جارہی ہے ۔ اس عمل سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئی تیسری قوت آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن لڑنے سے روکنا چاہتی ہے ۔ یہ قوت نہیں چاہتی کے وقت پر ہمارے امیدوار کلیئر ہوسکیں۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے معاملے کی فوری انکوائری کرنے اور اس شخص کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں جو اس سارے معاملے میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی پی کے کو چیئرمین آصف زرداری پر غلط الزامات لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ منظم طریقے سے لوگوں کو پیپلز پارٹی پارلیمیٹرینز کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔