زرداری کے اثاثے بھی منظر عام پر آ گئے
اسلام آباد: انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات میں سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے ظاہر کیے ہیں ان کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 نواب شاہ سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ دستاویزات میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق سابق صدر کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی، بلٹ پروف گاڑیوں، اسلحہ اور گھوڑے کے مالک ہیں۔تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کے پاس 6 بلٹ پروف لگژری گاڑیاں، ہزاروں ایکڑ اراضی، ایک درجن سے زائد پراپرٹیز ہیں جبکہ وہ سابق وزیر اعظم اور اپنی اہلیہ بے نظیر بھٹو شہید کی 5 پراپرٹیز میں حصے دار بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دبئی کے الصفا شہر میں ایک پراپرٹی سمیت کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک پلاٹ کی ملکیت بھی رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ آصف زرداری کے پاس 3 لینڈ کروزر، 2 بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز ہیں جو کہ سب بلٹ پروف گاڑیاں ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے پاس گھوڑوں اور مویشیوں کی مالیت 9 کروڑ ہے جبکہ ایک کروڑ 29 لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ بھی ہے۔ آصف زرداری نے لینڈ مارکس میں ایک کروڑ 29 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے جبکہ 8لاکھ 90ہزار روپے کی سرمایہ کاری اپارٹمنٹ میں ہے ۔ سابق صدر نے زرداری گروپ (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور پارک لین ای اسٹیٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 10 لاکھ 7 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ زرداری گروپ کو 45لاکھ روپے ادھار بھی دیے ہیں۔ آصف زرداری کے پاس 20 کروڑ 90لاکھ روپے نقد موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کلفٹن میں 2 پراپرٹیز ہیں جب کہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں بنگلہ اور نواب شاہ میں ایک گھر ہے ۔کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق آصف زرداری نواب شاہ، ٹنڈو الہیار اور لاڑکانہ میں زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ نواب شاہ، بدین، ماتلی، ٹنڈوالہیار میں 7 ہزار 4 سو ایکڑ زرعی اراضی لیز پر بھی حاصل کررکھی ہے۔