گرل فرینڈکا شادی سے انکار ،حقیقت افشا ہونے پر ڈاکٹر کی دھنائی
غازی آباد۔۔۔۔شادی شدہ ڈاکٹر کی سوشل میڈیا کے ذریعے ایک لڑکی سے دوستی ہوگئی ۔ بیوی کی آنکھوں میں دھول جھونک کر وہ دوسری شادی کی تیاری کررہا تھا کہ بیوی کو اس کا علم ہوگیا اور اس نے لڑکی کو شوہر کی حقیقت سے واقف کرایا۔لڑکی کے بھائی اور بہنوئی نے راج نگر سوسائٹی میں واقع لڑکی کےڈاکٹردوست کے گھر پر دھاوا بول دیا اور اسکی جم کر دھنائی کی۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ممبئی کا رہنے والا ہے۔ تقریباًڈیڑھ سال قبل اس کی شادی ممبئی کی رہنے والی اسسٹنٹ پروفیسر سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد بیوی ملازمت چھوڑکر گھریلو ذمہ داریاں ادا کرنے لگی۔6ماہ قبل شوہر اور بیوی میں تنازع پیدا ہونے سے بیوی میکے چلی گئی۔اس دوران ڈاکٹر غازی آباد کے نہرو نگر میں واقع نجی اسپتال میں ملازمت کرنے لگا۔بیوی سے اختلافات کے بعد ڈاکٹر نے لڑکی سے ملاقات کے بعد خود کو غیر شادی شدہ ظاہر کرکے لڑکی کو شادی کیلئے راضی کرلیا۔شادی کی تاریخ بھی طے ہوگئی تھی ۔اسی دوران ڈاکٹر کی بیوی نے ڈاکٹر کی گرل فرینڈ کو شوہر کی حقیقت بتادی جس کے بعد لڑکی نے شادی سے انکار کردیا ۔