حیدرآباد پین اینڈ پیلی ایٹیو کیئر ٹرسٹ جدہ کی عید ملن تقریب
تقریب میں جابر پٹیل اور عتیق صدیقی کی شرکت، عتیق صدیقی پیٹرن نامزد ،ٹرسٹ ہر ماہ کینسر کے70 مریضوںکاعلاج کرتا ہے ، میر محمود علی
جدہ ( امین انصاری ) حیدرآباد پین اینڈ پیلی ایٹیو کیئر ٹرسٹ جدہ کے زیر اہتمام عید ملن اور جابر پٹیل و عتیق صدیقی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ یوسف الدین امجد کی تلاوت کلام پاک اور امین انصاری کی نعت سے عید ملن تقریب کا آغاز ہوا ۔عامر صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ایچ پی پی سی ٹی کے ٹرسٹی اعجاز احمد خان نے مہمانوں اور شرکاءکا استقبال کیا اور مہمانان جابر پٹیل اور عتیق صدیقی کی ملی و سماجی کاموں کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کا اثاثہ قرار دیا ۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ احمد عبدالحکیم نے کہا کہ ٹرسٹ کے قیام کا مقصد ایسے مریضوں کی مدد کرنا ہے جنہیں ڈاکٹرز لاعلاج کہہ کر چند ماہ کا مہمان قرار دے چکے ہوں ۔اس کام کیلئے ہمیں اسپتال اور ڈاکٹرز کی ضرورت تھی۔ اس کار خیر کیلئے اپنی زمین عطیہ کی ۔ اہل خیر سے تعاون کی امید ہے ۔ چیئرمین ایچ پی پی سی ٹی میر محمود علی نے کہا کہ ڈھائی سال قبل اس کام کا بیڑہ اٹھایا تھا ۔کمیونٹی کی طرف سے پذیرائی کی بدولت بہترین ڈاکٹر ز اور رضاکاروں کی ٹیم کے ساتھ اب ہر ماہ 70 مریضوں کی نگہداشت کررہے ہیں ۔ ان میں کینسر کے آخری اسٹیج کے مریض بھی شامل ہیں ۔ پرانے شہر کے ان غریبوں کی مدد کی جارہی ہے جو دو وقت کے کھانوں کے بھی اہل نہیں انہیں دوائیں دیکر ان کے اہل خانہ کو انکی نگہداشت کا طریقہ سکھاتے ہیں تاکہ وہ بستر مرگ پر پڑے پڑے بیڈ سورز اور دیگر امراض میں مبتلا نہ ہوں۔ 5 ماہ قبل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس میں جابر پٹیل اور عتیق صدیقی کے تعاون سے ریاست تلنگانہ کے ہوم منسٹر ،ہیلتھ منسٹر ،اے کے خان ، سعودی سفارتخانہ کے خالد مکی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کرکے اس کام کی ستائش اور اپنے تعاون کی پیشکش کی ۔ عتیق صدیقی کے تعاون کو دیکھتے ہوئے ٹرسٹیز نے انہیں ایچ پی پی سی ٹی کا پیٹرن نامزد کیا ۔اس اجلاس میں ان کے نام کا اعلان کیا گیا ۔شرکاءنے اس اقدام کو مستحسن قرار دیا ۔ عتیق صدیقی نے ٹرسٹ کے ذمہ داران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز ہے کہ میں زندگی سے مایوس لوگوں کے کام آسکوں۔انہوں نے ٹرسٹ کے اس کام کو نوبل کاز قرار دیا اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو روبہ عمل لانے کی یقین دہانی کرائی ۔ مہمان خصوصی جابر پٹیل نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ حیدرآبادی کمیونٹی کے درد مندوں نے مریضوں کے بارے میں کچھ کرنے کا عزم کیا اور اس میں کامیاب ہوگئے ۔ حکومت سے ملنے والی مراعات کو دلانے میں وہ ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جو کام حکومت کو کرنا تھا وہ ایچ پی پی سی ٹی کررہا ہے۔ تیسرے مہمان خصوصی عثمان بن یسلم بن محفوظ نے کہا کہ عتیق صدیقی کا ٹرسٹ سے جڑنا انشاءاللہ فائدہ مند رہے گا ۔ ۔ تقریب سے شمیم کوثر ، یوسف الدین امجد ،حسن بایزید ، عبدالرحمان بیگ، شفقت بیگ ،صادق ، محمد عزیز ،قادر میمن ، میر عارف علی ، ندیم عبدالباسط اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کے کام کی بھر پور ستائش کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے دامے ، درمے ،قدمے ، سخنے حصہ لینے کی یقین دہانی کرائی ۔