پاک فوج کی کارروائی‘ 6 دہشت گرد ہلاک‘ 2 جوان شہید
راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں لدھا کے علاقے میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور 2 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں لدھا کے علاقے میں ٹی ڈی پیز کی شکل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن رد الفساد کے تحت اسپینا میلہ گاؤں میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 6 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے ذرائع کے مطابق کارروائی میں پاک فوج کے 2 جوان حوالدار عبدالرزاق اور سپاہی ممتاز حسین شہید ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں نشانہ بنائے جانے والے دہشت گرد افغانستان میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے۔ ہلاک ہونے والوں کے پاس سے ہتھیار اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے۔