بہار بورڈ کے میٹرک امتحان کی 42000کاپیاں چوری
پٹنہ۔۔۔۔گوپال گنج کے ایس ایس بالیکاودیالیہ کے ویلیویشن سینٹر سے بہار بورڈ کے میٹرک کی42ہزارکاپیاں پراسرارطور پر غائب ہوگئیں۔اس کا انکشاف کباڑیئے نے کیا ۔ اس نے بتایا کہ ودیالیہ کے چپراسی چھٹو سنگھ نے 85ہزار روپے میں ہمارے ہاتھوں کاپیاں فروخت کی تھیں جسے ایک آٹو رکشے سے لائے تھے۔پولیس نے اس معاملے میں آٹورکشہ ڈرائیور سنتوش کمار اور کباڑیئے پپو گپتا کو گرفتار کرلیا۔گوپال گنج کے ایس ایس گرلز پلس ٹو اسکول کے اسٹاف روم سے میٹر ک کی کاپیاں چوری ہونے کے معاملے میں پٹنہ ہائیکورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکومت سے ایک ماہ کے اندر وضاحت طلب کی ۔ ایڈوکیٹ ٹینو کمار نے عدالت کو بتایا کہ بہار ودیالیہ ایگزامنیشن کمیٹی میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہورہی ہے۔ عدالت کومداخلت کرنی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ کاپیوں کے غائب ہونے سے میٹرک کا رزلٹ ایک ہفتہ تاخیر سے آیا۔میٹرک کی کاپیاں غائب ہونے کے معاملے میں صرف دکھاوے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی تاہم اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔