امریکی خاتون نے پرانی بس خرید کر مکان کی شکل دیدی
مین ہٹن...... مین ہٹن کی ایک 30سالہ خاتون نے 1966ء کی متروکہ شدہ جی ایم سی گرے ہائونڈ مسافر بس خرید کر اسے مکان کی شکل دیدی۔ اس میں انہوں نے خود بھی محنت کی اور لوگوں سے بھی مدد لی۔ بڑی بس میں انہوں نے 2بیڈ روم ، ایک باتھ روم اور ایک کچن تیار کیا ہے۔ اسکے علاوہ ایل ای ڈی لائٹ لگائی ہے۔ کچن میں بہت بڑا سنک لگایا گیا ہے۔ چھوٹی سی الماری لگائی گئی ہے جبکہ زیادہ کام لکڑی کا کیا گیا ہے اسکے علاوہ اوون بھی لگایا گیا ہے۔ چلتا پھرتا یہ گھر انتہائی خوبصورت ہے۔ انہوں نے اس قسم کی ایک بس کو 1994ء میں ایک فلم میں دیکھا تھا۔بس کو گھر کی شکل دینے میں انہیں 3سال کا وقت لگا اور ان کے 70ہزار ڈالر خرچ ہوئے۔انکا کہناتھا کہ جب میں اپنے اس شاہکار کو دیکھتی ہوں تو مجھے بڑا فخر ہوتا ہے اور میں اسے نیویارک میں اپنے اپارٹمنٹ سے بھی زیادہ خوبصورت او ر بڑا سمجھتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ لوگوں کے پاس اس طرح کے بھی گھر ہونے چاہئیے۔ اگرچہ میرا بہت کم پیسہ خرچ ہوا ہے لیکن اسی طرح کے مین ہٹن کے اپارٹمنٹ کی قیمت 2ملین سے زیادہ ہے۔ انہوں نے یہ بس 7ہزار ڈالر میں خریدی تھی۔ اس بس کی مالکہ جیسی نے بتایا کہ میں ہمیشہ سے متبادل لائف اسٹائل کی قائل رہی ہوں۔ اب اس گھر کے نتیجے میں ، میں کسی دوسری جگہ بھی کام کرنے کے قابل ہوگئی ہوں۔ میرا انحصار مادی چیزوں پر کم ہوجائیگا۔ میں شعبہ فنانس میں کام کرتی ہوں اس وجہ سے کام کا کچھ بوجھ بھی تھا مگر گھر آکر سارا بوجھ اتر جاتا ہے۔ میں نئی نئی جگہ جاکر بس کھڑی کرتی ہوں او روہاں کے لوگوں کا جائزہ لیتی ہوں انکا لائف اسٹائل دیکھتی ہوں اور اس طرح مجھے وسیع تر تجربات ہوتے رہتے ہیں۔ ویسے بھی مجھے سیاحت کا بیحد شوق ہے۔ نیویارک شہر میں رہتے ہوئے میں نے مرمت کا کام بھی سیکھا ہے۔ چاہتی ہوں کہ زیادہ سے زیادہ کام خود کروں۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں پاگل پن کا کام کررہی ہوں لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جیسی کا کہنااہے کہ بس کا حساب لگایا جائے تو یہ 400مربع اسکوائر فٹ کے لگ بھگ ہے۔ اب یہ آرام سے ایک لاکھ4ہزار ڈالر میں فروخت ہوسکتی ہے۔