ممبئی ۔۔۔۔ممبئی میں طوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ شہر کے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوجانے سے پورا علاقہ تالاب کا منظرپیش کررہا ہے۔بارش کی وجہ سے تھانے اور بائیکلا جانیوالی لوکل ٹرینیں 15سے 20منٹ تاخیر سے چل رہی ہیں۔
کئی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے کئی کلو میٹر تک ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا ۔ متعدد اسکول اور کالج بند کردیئے گئے۔ ریلوے لائنیں پانی میں ڈوب جانے سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ۔ ممبئی کی ساین روڈ نمبر 6پر کافی پانی جمع ہوگیا۔پانی بلڈنگ کے احاطے میں بھی بھر گیا۔
ممبئی میونسپلٹی کے اہلکار نکاسی آب کی کارروائیوں میں جگہ جگہ مصروف ہیں۔بارش کی وجہ سے ممبئی ، احمد آباد شاہراہ بند ہوگئی۔اندھیری ، کرلا، گھاٹ کوپر علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اندھیری میں میٹرواسٹیشن کے نچلے حصے میں بھی پانی جمع ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ کچھ دنوں تک اسی طرح طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ کھلے مقامات، وادیوں اور ساحلوں پر جانے سے گریز کریں۔
مانسون بدستور ملک کے دیگر علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔دہلی میں مانسون 29جون کو پہنچنے کی امید ہے ۔جنوب مغربی علاقوں میں مانسون اپنے مقررہ وقت سے 3دن پہلے پہنچا اور کیرالا، مہاراشٹر اور جنوبی گجرات کے ساحلی علاقوں میں بارش ہوئی۔
مزید پڑھیں:- - - -ایودھیامیں مندر کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری