حسن و حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ
اسلام آباد...نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز سمیت اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب اس حوالے سے وزارت داخلہ کو باضابطہ خط لکھے گا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نیب کے اجلاس میں ایون فیلڈ ریفرنس سمیت 3 مختلف نوعیت کے ریفرنسز میں مفرور ملزمان حسن نواز اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے موثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب اس حوالے سے وزارت داخلہ کو تحریری خط لکھے گا کہ ان دونوں مفرور ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لایا جائے۔ اسی طرح نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں میں مفرور ملزم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بیماری کا بہانہ کر کے لندن کی سڑکوں پر آزادانہ گھومنے والے اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لا کر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔ ذرائع نے کہا کہ نیب سیف الرحمن کو بھی انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔