شہباز شریف نے قومی حکومت بنانے کی تجویز دیدی
کراچی ...مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری رائے کے مطابق قومی حکومت ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ آئندہ الیکشن میں جیتے تو پھر بھی قومی حکومت بنائیں گے کسی اور نے حکومت بنائی تو اس کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ کالا باغ ڈیم پر بحث وقت کا ضیاع ہے ۔ بھاشا ڈیم اور دیگر چھوٹے ڈیموں کی شدید ضرورت ہے ۔ پانی کا بحران سنگین صورت حال اختیار کر رہا ہے ۔ ہندسے معاشی جنگ لڑنا ہو گی ۔ کشکول توڑنے کے لئے قوم کو مزید فیصلے کرنا ہوں گے ۔ آئندہ پرامن انتخابات کے انعقاد میں کوئی ابہام نہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوری انداز میں انتقال اقتدار ہو ۔ا ین اے 249 کے کارکنان ، خواتین بزنس کمیونٹی، سینئر صحافیوں اور دیگر سے ملاقات اور عوامی اجتماع سے خطاب میں انہوںنے کہا کہ کراچی کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے ۔ اگر نیب اور دیگر اداروں کی کارروائیاں شفاف نہیں ہوں گی تو انگلیاں اٹھیںگی۔ کراچی میں گرین لائن منصوبہ پر پیسے فراہم کردئےے لیکن بسیں نہیں چلیں کیونکہ کچھ مفاد پرست ان ممالک میں جاکر مٹھائی مانگنے چلے گئے ۔ پورٹ اور تجارت کے ساتھ روشنیوں کے شہر کا حال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ کراچی میں بجلی کی کمی ہے۔ کے الیکٹرک کے2منصوبے بند ہیں کیوں نہیں چلاتا ، بہت تلخ حقائق ہیں۔ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے۔کراچی سے اس لئے الیکشن لڑرہا ہوں کہ یہ پاکستان کا دل ہے۔ پہلے کراچی میں بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا۔ رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے۔دہشت گردی کا قوم اورفوج نے بڑی جاں فشانی سے مقابلہ کیا۔ سالڈ ویسٹ کی وجہ سے کراچی کا ماحول تبدیل ہوگیا ۔ شہر کراچی کے 2 کروڑ کی آبادی کے ساتھ زیادتی ہے۔ یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی بحران میں مبتلا ہے۔ کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائن ہونی چاہئیے تھیں۔ آئندہ کراچی میں 3 اورنج میٹرو لائنز لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز قانون کی حکمرانی کے لئے عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں ۔ قانون کے مطابق شریف فیملی ان مقدمات کا سامنا کرے گی ۔ گھبرانے والے نہیں ۔ آئندہ الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے ۔ کرپٹ اور دھرنا عناصر سے ووٹ کی طاقت سے مقابلہ کریں گے ۔ ۔ سینئر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 10 ہزار میگاواٹ کی سستی بجلی کے منصوبے لگائے ۔ شفاف انتخابات کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ۔ اگر ملک کی خدمت کا موقع ملا تو قومی حکومت بنائیں گے ۔ قومی حکومت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔ اگر ہماری حکومت نہ بنی تو جس کی بھی حکومت بنی تو اس سے تعاون کریں گے ۔ قومی حکومت میری ذاتی رائے ہے ۔