انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرینگے،جنرل باجوہ
راولپنڈی... آرمی چیف جنرل باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی۔ جغرافیائی و اسٹرٹیجک ماحول اور خطہ میں سیکیورٹی اور دیگر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس نے داخلی امن و استحکام کے ثمرات کو سرحدوں سے آگے خطہ تک بڑھانے کیلئے کی جانے والی مثبت کوششوں میں معاونت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ عام انتخابات 2018ءکے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو مینڈیٹ کے مطابق معاونت کی فراہمی پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ یہ قومی فریضہ دفاع اور درپیش داخلی سیکیورٹی چیلنجز پر توجہ ہٹائے بغیر ذمہ داری کے ساتھ انجام دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاک فوج انتخابات کے آزادانہ، صاف اور شفاف انعقاد کے لئے خدمات پیش کرے گی تاہم ملکی سرحدوں کے دفاع سے غافل نہیں۔