نواز شریف نے مجھ سے بے وفائی کی،چوہدری نثار
راولپنڈی...سابق وزیر داخلہ اورقومی اسمبلی کے حلقہ 59سے آزاد امیدوار چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میری34سالہ رفاقت اور وفاداریوں کے بدلے نواز شریف نے مجھ سے بے وفائی کی۔ 25جولائی کونواز شریف سمیت پورا پاکستان دیکھے گا کہ میرا حلقہ مجھ سے بے وفائی نہیں کرے گا۔ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ تھوک کر چاٹتا نہیں ہوں۔ اپنے مخالف سے بھی زیادتی نہیں کی لیکن کسی کے پیچھے ہاتھ باندھ کر نہیں کھڑا ہو سکتا ۔خوشامد اورکاسہ لیسی نہیں کر سکتا۔ سر اٹھا کر ہمیشہ سیاست کی ہے ۔عمران خان دوست ہیں ٹکٹ لے سکتا تھا مگر اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی جنگ لڑی اور کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا اگر میرا مخالف مجھ سے زیادہ ایماندار اور پڑھا لکھا ہے تو اسے ووٹ دے دینا لیکن یاد رکھنا ووٹ ایک امانت ہے۔ جیپ کے نشان پر مہر لگانا۔ کل شیر کو اٹھانے والے آج جیپ کو سر پر اٹھائے پھر رہے ہیں۔ میں ڈرنے والا نہیں اسی لئے4 سیٹوں سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔میرا ایک مخالف میٹرک فیل ہے۔ اس کا چورن اس لئے بکتا ہے کہ وہ کہتا ہے کہ چوہدری نثار کا مخالف ہوں اسی وجہ سے اسے وفاقی وزیر بھی بنایا گیا۔ 25 جولائی کو فتح سواں کا پانی پینے والوں کی ہو گی ۔