قائد اعظم کا پاکستان یا لٹیروں کا،4ہفتے بعد فیصلہ
بنوں... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ۔ لٹیرے امیر اور قوم غریب ہو گئی ۔ قائد اعظم کا پاکستان بنے گا یا لٹیروں کا فیصلہ،4 ہفتوں میں ہو جائیگا ۔ ملک میں ایسا نظام لے کر آئیں گے جہاں جھونپڑی اور چھابڑی والے کو بھی انصاف ملے گا۔ دعا ہے کہ وہ پارٹی جیتے جو پاکستان کی خیر خواہ ہو۔ فضل الرحمان وہ مقناطیس ہے جدھر طاقت اور اقتدار ہوتا ہے اس سے چمٹ جاتا ہے۔ اکرم درانی جےسا قبضہ گروپ لوگوں کو راہ پر نہیں آنے دیتا ۔ بنوں کے فرعون کا مقابلہ کرنے کے لئے یہاں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ بنوں میں انتخابی مہم کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو پارٹی اقتدار میں آتی ہے فضل الرحمان اس کے ساتھ ہوجاتا ہے۔ سب جانتے ہیں 2002سے پہلے اکرم درانی کی پوزیشن کیاتھی لیکن آج وہ ارب پتی بن گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 100روپے تھی جو آج 125روپے ہوگئی ۔ قوم غریب ہو گئی ہے لیکن جو نواز شریف اور زرداری کی طرح منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر لے گئے وہ امیر ہوگئے ۔ بنوں کے لوگوں کے حالات خراب ہوئے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کے حالات ٹھیک ہوگئے۔ آج پاکستان میں بجلی بنگلہ دیش ، ہند اور سری لنکا سے مہنگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے روپیہ گرے گا اس سے بجلی ، پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہو تا جائے گا ۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے میرا خواب یہ ہے کہ ایک یتیم بچہ اٹھے اور سرکاری اسکول میں جائے جہاں وہ ایسی تعلیم حاصل کرے کے ملک کا سب سے بڑا بزنس مین بن سکے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ایک عام آدمی محنت کرتا ہے تو اوپر آسکتا ہے لیکن ہمارے ملک میں ایسا نہیں ۔ میری کوشش ہے کہ میں سب سے پہلے اسکولوں کی حالت کو ٹھیک کروں۔ ہم نے کے پی میں ا سکولوں کا نظام بہتر کیا جس سے بچے بڑی تعداد میں پرائیویٹ ا سکولوں سے سرکاری اسکولوں میں گئے ۔ ایسا نظام بنائیں گے جو محنت کرے وہ اوپر آئے کیونکہ یہ لوگوں کو اوپر آنے ہی نہیں دیتے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے موازنہ نہیں جو 6،6 مرتبہ باریاں لے چکے ہیں ۔عمران خان نے کہاکہ پورے پاکستان کے بلدیاتی نمائندوں سے پوچھ لیں وہ کہیں گے کہ ہمیں کے پی والا بلدیاتی نظام چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ کے پی میں ایک ارب درخت لگائے ہیں۔ پاکستان میں گرمی پڑ رہی ہے ۔ گلوبل وارمنگ میں پاکستان 7ویں نمبر پر ہے اس لئے درخت لگانا ضروری ہے ۔عوام مجھے جتوائیں میں ا نہیں جتواں گا ۔