آسام میں شہریت کا مسئلہ خالص انسانی ہے، مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی۔۔۔۔۔جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے آسام میں شہریت کے معاملے کو انتہائی حساس قراردیتے ہوئے کہا کہ آسام میں لوگوں کو دربدر کرنے کیلئے این آر سی کی آڑ میں خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔ ریاست کے اصل شہریوں کو شہریت کے نام پر جس طرح ہراساں کیا جارہا ہے وہ متاثرین کیلئے زندگی اور موت کا سوال ہے۔اگر انصاف اور ایمانداری سے کام نہیں لیا گیا تو آسام میں ایک بڑاانسانی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ عدالت حالات و واقعات پر غورکرتے ہوئے متاثرین کے حق میں فیصلہ دیگی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی مخصوص ذات یا مذہب کا مسئلہ نہیں بلکہ خالص انسانی مسئلہ ہے۔واضح ہوکہ سپریم کورٹ کی بنچ نے گوہاٹی ہائیکورٹ کے اس فیصلے سے متعلق سماعت کی جس میں کہا گیا ہے کہ اگر غیر ملکی ٹربیونل سے کوئی شخص غیر ملکی قراردیا جاتا ہے تو اس کے پورے خاندان کو غیر ملکی تصور کیا جائیگا اور ان کے خلاف فارن ٹربیونل میں مقدمہ قائم کیا جائیگا۔ غیر ملکیوں کی شناخت سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے سے تقریباً 92ہزار لوگ غیر ملکی ہونے کے زمرے میں آگئے ہیں ۔اگر مذکورہ نوٹس پر عمل کیا گیاتو تقریباً 12لاکھ شہری اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔