لاہور... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے شہباز شریف کا پیرس ۔پیرس میں بارش ہوتو سڑکیں پانی میں نہیں ڈوبتیں۔شریف خاندان نے سارا پیسہ رائے ونڈ میں لگا دیا۔قوم نے دیکھ لیا کہ ٹوپی اور لمبے بوٹ پہن کر نکلنا صرف ڈرامہ تھا ۔ وہ لکشمی چوک اور جی پی او چوک کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر کارکن عمران خان وزیر اعظم کے نعرے لگاتے رہے ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لکشمی چوک میں گاڑی سے نیچے اتر کر بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے پیسہ دیانتداری سے خرچ کیا ہوتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ دکھاوے کےلئے اربوں روپے قرض لے کر میٹرو اوراورنج ٹرین بنائی گئی ۔آدھے پاکستان کے پاس تعلیم کے مواقع میسر نہیں،جہاں عوام کے پاس تعلیم نہ ہو وہ یہی کہے گی کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر دیا ۔ آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے، اب عوام نے خود فیصلہ کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب روپے کی قدر کم ہوتی ہے تو قوم کی غربت بڑھتی ہے ۔حکمران منی لانڈرنگ کر کے امیر سے امیر تر ہو گئے جبکہ قوم غریب ہو ئی ہے۔