جیپ، خلائی مخلوق کا نشان ہے ، مریم نواز
لندن ... سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اورمسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ لیگی امیدواروں کی وفاداریاں زبردستی بدلوائی جا رہی ہیں۔ہمارے کسی امیدوار نے وفاداری تبدیل نہیں کی بلکہ ان سے یہ وفاداریاں زبردستی تبدیل کرائی جا رہی ہیں۔ منگل کو لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیپ کے نشان پر مہر لگانے والوں کو پتہ ہونا چاہیئے کہ وہ کسے ووٹ ڈالیں گے ۔قوم سب دیکھ رہی ہے میاں صاحب نے کہا تھا یہ پتہ کرنا چاہئے کیسے شیر کے نشان سے اتار کر جیپ کے نشان پر سوار کیا جا رہا ہے۔جیپ کا نشان خلائی مخلوق کا نشان بنتا جا رہا ہے۔عوام یاد رکھیں جیپ پر جو ووٹ ڈالا جائے گا وہ خلائی مخلوق کو جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اداروں کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔ اس ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلانا سب سے مشکل کام کیوں ہو گیا ۔ کوئی ادارہ اپنی آئینی و قانونی حدود سے تجاوز کرے تو کیا وہ بات ٹھیک ہے لیکن اگر کوئی شخص یہ بات کہتا ہے کہ آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنا کام کیا جائے تو اس میں کیا غلط بات ہے۔ جو لوگ ایسا نہیں کہہ رہے انہیں بھی یہی کہنا چاہیئے س ملک کو آئین اور قانون کے مطابق ہی چلایا جانا چاہیئے۔ اگر گزشتہ 70 سالوں میں ملک کو آئین اور قانون کے مطابق نہیں چلایا گیا تو اسی لئے ملک کا یہ حال ہے۔دریں اثناءٹوئٹر پر بیان میںمریم نوازنے کہا ہے کہ عمران خان بتائیں وہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہیں یا امپائرکی انگلی کے ساتھ۔مریم نوازنے کہا کہا آپ کس چیزکے لئے کھڑے ہیں۔ خلائی مخلوق، سازشوں، امپائرکی انگلی، صادق سنجرانی، ڈکٹیشن، اسپانسر کئے ہوئے دھرنوں یا سیاست کے لئے ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹوئٹ میں میلکم ایکس کے مقولے جو کسی بات کےلئے کھڑا نہیں ہوتا ہر چیزکے لئے گرتا ہے کودہراتے ہوئے کہا کہ یہ تمام پاکستانیوں کے لئے پیغام ہے جو 25 جولائی کے تاریخی انتخابات میں ووٹ نہ دینے کا ارادہ کئے ہوئے ہیں۔