مشاورت کے بعد کیس پر بات کرونگا،نواز شریف
لندن ...سابق وزیر اعظم نوا ز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو ملک کو نقصان ہو گا ۔ایون فیلڈ ریفرنس پر وکلاءسے مشاورت کے بعد کیس پر بات کروں گا۔ لندن میں اسٹریٹ ہارلے کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کے محفوظ کردہ فیصلے سے متعلق اپنے وکلا ءسے بات کر رہا ہوں۔ اس پر بعد میں تبصرہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جو کچھ ہوتا رہا وہ سب نے دیکھا۔ بغیر جواز بات کرنا میری فطرت نہیں ۔پاکستان میں اصلاح احوال چاہتے ہیں تو صاف بات بھی کرنا ہوگی۔ ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پری پول دھاندلی کا آغاز ہو گیا۔ الیکشن میں من پسند نتیجہ نکال کر ملک کی بہتری تو کوئی نہیں ہو سکتی البتہ الٹا نقصان ہوگا۔