حیدرآباد - - - - تلنگانہ کے ضلع ورنگل کی پٹاخے بنانے والی کمپنی بھدراکالی فائر ورکس میں بڑے پیمانہ پرآگ لگنےسے11 افراد ہلاک اورمتعدد جھلس گئے۔آگ اتنی شدید تھی کہ شعلے آسمان سے باتیں کررہے تھے ۔فیکٹری میں آگ کے ساتھ ہی اس میں رکھے پٹاخے دھماکے کے ساتھ پھٹنے لگے جس سے پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابوپانے میں کامیابی حاصل کی۔فیکٹری میں آگ لگنے کے وقت ایک درجن سے زائد افراد موجود تھے۔
آتشزدگی کے بعد لوگ جان بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے تاہم11 افراد زندہ جل گئے ۔مقامی افراد نے بتایاکہ پٹاخے بڑی مقدار میں دھماکوں کے ساتھ پھٹنے لگےجس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے مرنیوالوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔دھماکہ اتنا شدید تھاکہ فیکٹری کی چھت تباہ ہوگئی،قریب کے مکانوں کی دیواروں میں شگاف پڑگئے۔یہ فیکٹری اینوماملا مارکیٹ یارڈ روڈ پر واقع ہے۔اطلاع ملتے ہی رکن اسمبلی سی دھرماریڈی،کلکٹر ہریتا ،کمشنر پولیس رویندر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے کی بابت تفصیلات معلوم کیں اور زخمیوں کی خیریت دریافت کی ۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ایم جی ایم اسپتال منتقل کرکےحادثہ کی تحقیقات شروع کردی۔
مزید پڑھیں:- - - -الٰہ آباد :ٹرین خاتون کے اوپر سے گزر گئی اور وہ سلامت رہی