اسلام آباد...پاک بحریہ نے ترکی کی اسفات اے ایس کمپنی سے4 مِلجَم کلاس بحری جنگی جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کیا ہے۔اسفات اے ایس ملٹری فیکٹری اور جہاز سازکمپنی ہے جو ترک وزارتِ قومی دفاع کے ماتحت ہے۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب وزارتِ دفاعی پیداوار پاکستان میں ہوئی۔ معاہدے کے تحت مِلجَم کلاس جہاز سازی کی ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار ہونے والے جہازوں کے ڈیزائن کے ملکیتی حقوق بھی پاکستان کو منتقل ہوں گے۔ پہلا اور دوسرا جہاز استنبول نیول شپ یارڈ جبکہ باقی 2 جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیار کئے جائیں گے۔ معاہدے کا قابلِ ذکر پہلو یہ ہے کہ چوتھے جہاز کا ڈیزائن مشترکہ طور پر پاکستان میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس تیار کرے گاجو مقامی سطح پر تیار ہونے والا بحری جنگی جہاز کا پہلا ڈیزائن ہو گا جسے پاکستان میں تیار کیا جائے گا۔ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیسرے اور چوتھے جہاز کی تیاری سے نہ صرف صنعتی پیداوارکے شعبے میں اعتماد سازی اور جہاز سازی کی استعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ ملازمتوں کے نئے مواقعوں اور کراچی شپ یارڈ کے ہنرمند افراد کی صلاحیتوں میں نکھار سے قومی معیشت بھی مضبوط ہوگی ۔ جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی حربی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا خطے میںپاک بحریہ کے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز میںمزید وسعت آئے گی۔ مِلجَم کلاس جہاز عصر حاضر کے جدید جنگی جہازوں کے ہم پلہ ہیں ۔یہ جہاز جدید ا سٹیلتھ ٹیکنالوجی،پانچویں جنریشن کے جدید ہتھیاروںاور سنسرز سے لیس ہوں گے مقامی سطح پر تیار ہونے والا میزائل سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔ یہ جہاز بحری جنگ میںمختلف النوع آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت سے رکھتے ہیں۔