Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز اور کیپٹن صفدر انتخابات کیلئے بھی نااہل

 
اسلام آباد.. اسلام آباد احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم ا نواز شریف کو 10 سال قید، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال قید اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا دی۔ نواز شریف کا 80 لاکھ پونڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پونڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ لندن میں قائم ایون پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ فیصلے کے مطابق نواز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات پر، مریم نواز کو والد کے اس جرم میں ساتھ دینے پر قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں ۔نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق تحقیقات میں نیب کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر علیحدہ ایک ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔نیب پراسیکیورٹر کے مطابق احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد مریم نواز اورصفدر کو10 سال کے لئے نااہل بھی قرار دیا گیا۔ مریم نوازقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 173 کے لئے میدان میںتھیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد اب ان کے کوررنگ امیدوار الیکشن لڑیں گے۔کیپٹن (ر) صفدر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 مانسہرہ 2 سے الیکشن لڑ رہے تھے۔ ان کے کورنگ امیدوار اب انتخاب لڑیں گے۔ احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کا وقت 5 مرتبہ موخر کیا گیا۔ پہلے یہ ساڑھے 12 بجے سنانا تھا۔ نماز جمعہ کے باعث اسے ڈھائی بجے کردیا گیا تھاجو مزید بڑھا کر 3 بجے کیا گیا، تاہم اسے پھر آدھے گھنٹے آگے بڑھا کر ساڑھے 3 بجے بعد ازاں ساڑھے 4 بجے کیا گیا تھا۔قبل ازیں احتساب عدالت نے نواز شریف کی جانب سے فیصلہ 7 دن تک موخر کرنے کی دائر درخواست مسترد کردی تھی۔
 

شیئر: