نواز شریف نے وطن واپسی کا اعلان کردیا
لندن... سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپس آنے کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد پاکستان آرہا ہوں۔مریم وطن واپسی کے لئے مجھ سے بھی زیادہ بے تاب ہے۔ میں نے تجویز دی کہ میں چلا جاتا ہوں تم یہاں سے معاملات دیکھو لیکن مریم کا کہنا ہے کہ دونوں ساتھ ہی جائیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ جیل میں بھی جدو جہد جاری رکھوں گا ۔ووٹ کی عزت کی قیمت ہتھکڑی اور جیل ہے تو چکانے کےلئے تیار ہوں۔یہ سزائیں میری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں۔تب تک جدوجہد جاری رکھوں گا جب تک ووٹ کو عزت اور عوام کو حق حکمرانی نہیں مل جاتا۔ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو روکنے کے لئے آرہا ہوں۔ لندن میں مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جیسے ہی میری اہلیہ ہوش میں آئیں گی میں ان سے سلام دعا کرکے وطن لوٹ جاوں گا،یہ میری خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سزا پاکستان کی تاریخ کا 70سال کا رخ موڑنے پردی گئی ۔آج کے فیصلے میں نہیں بتایا گیا کہ میرا جرم کیا ہے۔میڈیا پر سنا کہ فیصلے میں کہاگیا کہ استغاثہ کرپشن کاالزام ثابت نہ کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جان لیں کہ وقت بدل چکا ہے۔ مجھے کئی مرتبہ ملک چھوڑ کر لندن جانے کے لئے کہا گیا۔ مجھے کہا گیا کہ آپ پاکستان نہ آئیں۔ لندن میں اہلیہ کا علاج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کومیرٹ پرنہیں،پاکستان کی70سالہ تاریخ کے تناطرمیں دیکھ رہاہوں۔کاش اسی رفتار سے آئین توڑنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔انہوںنے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں سیاسی اور بعض مذہبی جماعتوں سے دھرنے کرائے جاتے ہیں۔وزیر اعظم پر استعفیٰ دینے کے لئے دباوڈالاجاتا ہے۔ تمام تر جبر کے باوجودد ن لیگ تمام جماعتوںسے آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔