نواز شریف اور مریم جیل میں عام قیدی ہونگے؟
راولپنڈی... سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نوازکی گرفتاری کی صورت میں انہیں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور یا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں رکھا جاسکتا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی صورت میں 2جیلوں میں انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ذرائع کے مطابق کسی مجرم کوتب سب جیل میں رکھاجاتا ہے جب اس کی جان کوخطرہ ہو۔کسی مجرم کو اگر سب جیل میں رکھا جائے تو ا سے بی کلاس کہا جاتا ہے۔جیل رولز 245 کے تحت بی کلاس میں سابق وزیراعظم کی خدمت کےلئے 2 قیدی دیئے جاتے ہیں۔بی کلاس کے تحت مجرم جیل یونیفارم کی بجائے عام کپڑے پہن سکتاہے۔ مجرم کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا کھانا پکانے کی اجازت بھی ہوتی ہے۔مجرم کو ٹی وی، ائیر کنڈیشن اور اخبار کیلئے سیکریٹری داخلہ کی اجازت درکار ہوگی۔ دریں اثناءسپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سعید اللہ نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں کسی قسم کے خاص انتظامات نہیں کئے جا رہے۔جیل میں صفائی سمیت دیگر انتظامات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جاتی ہے۔ نواز شریف اور دیگر شریک ملزمان کی جیل آمد کی صورت میں ا نہیں عام قیدیوں کی طرح رکھا جائے گا۔