پاکستان نے2 سیٹلائٹ خلا میں بھیج دئیے
اسلام آباد... پاکستان نے جی پی ایس اور جی آئی ایس ٹیکنالوجی سے لیس 2 سیٹلائٹس مدار میں بجھوا ئے ہیں۔یہ سیٹلائیٹس لینڈ میپنگ،زراعت و ماحولیات کے ساتھ شہری اور دیہی علاقوں کی منصوبہ بندی جیسے مقاصد کے لئے درکار تصویری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیں گے ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریموٹ سینسنگ سیٹلائیٹ -ون( پی ایس ایس آر 1) پیر کی چین کے جیوکوان سیٹلائیٹ سینٹر سے لانچ کیا گیا ۔12سو کلوگرام وزنی یہ سیٹلائیٹ 640کلومیٹر کی بلندی پر آپریٹ کریگا ۔پاکستان ٹیکنالوجی ایویلویشن سیٹلائیٹ (پاک ٹیس اے 1-)بھی پی آر ایس ایس ون کے ساتھ لانچ کیا گیا ۔یہ سیٹلائیٹ مقامی طور پر سپارکو کے انجینئرز نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے ۔یہ سیٹلائیٹ 285کلو گرام وزنی ہے۔یہ 610کلومیٹر کی بلندی پر آپریٹ کریگا۔ ان2 نئے سیٹلائیٹس کے لانچ ہونے سے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبہ میں تعاون مزید مضبوط ہوا ہے ۔ان سیٹلائٹس کی تیاری سے پاکستان کا کمرشل انحصار انتہائی کم ہو جائے گا۔ ڈیٹا کلیکشن، پلاننگ اور ریسورس مینجمنٹ بہتر ہوگی۔دریں اثناءصدر مملکت ممنون اور وزیراعظم ناصر الملک نے اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور سپارکو کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی فنی مہارت اور انتھک کوششوں کی تعریف کی ۔وزیراعظم نے قوم اور سپارکو کو خلائی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مزید ترقی کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یہ ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سائنسدان اور انجینئرز قوم او ر ملک کا فخر ہیں ۔