13جولائی فیصلہ کن دن ہوگا،ن لیگ
لاہور.. مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ 13جولائی عوام کے حق حاکمیت کےلئے فیصلہ کن دن ہوگا ۔پارٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ پر امن رہ کر اپنے قائد کا استقبال کرنا ہے۔ اگر غیر قانونی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو انہیں ہٹائیں گے۔جب عوام کی اکثریت کسی فیصلے کو تسلیم نہ کریں تو پھر کوئی بھی فیصلے پر عمل نہیں کرا سکتا ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مشاہد حسین سید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی ہمارے لئے ڈو اینڈ ڈائی ہے،اس کےلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا ہے جس میں واضح کیا گیا کہ کرپشن ، کمیشن اور کک بیکس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ نواز شریف کے صادق اور امین ہونے پر مہر لگا دی گئی ۔ نیب کے آرڈیننس کے قانون 9 اے فور میں نواز شریف کو بری الذمہ قرار دیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بھی ایک نظام ہوتا ہے جو سب سے بڑا ہے۔تمام سازشیں اور بد نیتی ظاہر ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی شریک حیات کی شدید علالت کے باوجود نواز شریف کا وطن واپسی کا فیصلہ دلیرانہ ہے ۔ اسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ نواز شریف نے کہہ دیا کہ واپس آرہا ہوں اور عوام کے ساتھ رہوں گا ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی نے فیصلے کرنے ہیں۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر کی راولپنڈی آمد پر سب نے اس کا ٹریلر دیکھ لیا ۔ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے ۔ فیصلوں پر اپنی مرضی سے عمل کر رہے ہیں حالانکہ ہمیں تحفظات ہیں۔