کانپور: گنگا بیراج میں ڈوب کر 6 لڑکے ہلاک ہوگئے
لکھنؤ - - - -کان پور میں گزشتہ شام گنگا بیراج میں ڈوبنے سے 6 لڑکوں کی موت ہوگئی۔ یہ بھی بیراج میں نہا رہے تھے۔ اسی دوران دو لڑکے زیادہ پانی میں چلے گئے انہیں بچانے میں چار اور دوست ڈوب گئے۔ غوطہ خوروں نےتمام6 لاشیں برآمد کرلیں۔وہ بابو پوروہ کوتوالی حلقہ واقع اجیت گنج کے رہنے والے تھے۔ مہلوکین کے نام کیف، امن، ابھیشیک، آدتیہ، انشو اور بابا ہیں۔ ان کی عمریں15 سال سے کم تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ7 لڑکے گنگا بیراج گھومنے کے لئے آئے تھے۔ ان میں سے6 کی موت ہوگئی جبکہ صاحب عالم نامی لڑکا محفوظ رہا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ کیف اور امن نہانے کے دوران زیادہ پانی میں ڈوبنے لگے۔ ان کو بچانے کیلئے ابھیشیک اور آدتیہ گئے تو وہ بھی ڈوبنے لگے۔ یہ دیکھ کر انشو اور بابا ان کو بچانے گئے اور وہ بھی ڈوب گئے۔ اس کے بعد اس نے آس پاس کے لوگوں کو ساتھیوں کے ڈوبنے کی اطلاع دی۔ کیف کے والد نے بتایا کہ صاحب عالم نے ہی گھر پہنچ ہمیں اطلاع دی تھی۔ دریں اثناء ضلع غازی پور کے گیمر علاقے میں پیر کو تالاب میں نہانے کے دوران دو بچیوں کی ڈوب کر موت ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ سیورائی گاؤں میں قریب ڈیڑھ سال سے کیمپ لگائے بنجارہ خاندان کی چاندنی (16) اور ماہامتی (14) تالاب میں صبح نہانے گئی تھیں۔اس دوران پاؤں پھسلنے کی وجہ سے وہ دونوں گہرے پانی میں غرق ہوگئیں۔