منی لانڈرنگ کیس: زرداری اور فریال تالپور پیش نہیں ہوئے
کراچی: منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے باوجود پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پیش نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اربوں روپے مالیت کے اسکینڈل میں سابق صدر اور ان کی بہن کو گزشتہ روز ایف آئی اے نے طلب کیا تھا اور اس حوالے سے ایک نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا تاہم دونوں اہم سیاسی شخصیات خود وفاقی تحقیقاتی ادارے کے روبرو پیش نہیں ہوئیں بلکہ ان کی قانونی ٹیم پیش ہو گئی۔نائیک ایسوسی ایٹس کے 2 معاون وکلا نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے ایک تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں سیاسی رہنما انتخابی مہم میں مصروف ہیں، لہٰذا دونوں 25 جولائی کے بعد پیش ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کو جمعرات کے روز اسلام آباد طلب کررکھا ہے جب کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت 35 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔