انتخابات کے لئے سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت
اسلام آباد..نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزارت داخلہ کو پورے ملک میں سیکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آنے والے انتخابات کے تناظر میں پورے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو پورے ملک میں سیکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی قیادت سے رابطہ کرے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کرے اور اس معاملے میں تعاون طلب کرے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔وزیراعظم نے آنے والے انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام صوبوں کا دورہ کرنے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔