لاہوریوں نے سرجھکانے سے انکار کردیا،مریم نواز
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
لندن.... سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اورمسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ تاریخ کا بدترین کریک ڈاون ہمارے کارکنوں کے خلاف شروع ہو چکا ہے۔ہمیں سزا دینے کے بعد یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے یہ لوگ مان لیں کہ وہ ہار چکے ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کے کارکنوں اور رہنما¶ں کے خلاف کریک ڈاون اس بات کا ثبوت ہے کہ مخالفین ہمارے سے خوف زدہ ہیں اور ہمیں سزائیں دینے کے باوجود ن لیگی رہنما¶ں اور کارکنوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ یہ سب کچھ کرنے کا مطلب ہے یہ لوگ ہار چکے ہیں اور یہ بات ان کو مان لینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سزا کے بعد ہمیں پیغامات دیئے گئے آپ پاکستان واپس نہ آئیں یہی آپ کیلئے اچھا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ کرسی کے نشے میں ہیں انہیں جواب تو دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو عدم تشدد کا پیغام دیا ہے۔ لاہوریوں نے مخالفین کے سامنے سر جھکانے سے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ہمیں ڈرانے دھمکانے کی ضرورت نہیں۔ خود گرفتاری دینے آرہے ہیں۔ہم باہر بھی نکلیں گے اور عوام سے خطاب بھی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بھی باہر نکلنا ہو گا اور وہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت اور ووٹ کے تقدس کی جنگ میں ہمارا ساتھ دیں۔