نواز شریف اور مریم گرفتار،اسلام آبادمنتقلی
لاہور... نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور ائیر پورٹ پر گرفتار کر لیا ۔ایف آئی اے نے دونوں کے پاسپورٹ تحویل میں لے لئے۔ نواز شریف اور مریم کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد لے جانے کے لئے اتحاد ائیر ویز کی پرواز سے اتار کر دوسرے چھوٹے طیارے میں سوار کر دیا گیا ۔جو دونوں رہنماوں کو لے کر پرواز کرگیا ۔ممکنہ طور پر اب ا نہیں اسلام آباد ائیر پورٹ پر لایا جائے گا اور اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔اس سے قبل طیارے نے لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کیا تو رینجرز اہلکاروں نے طیارے کو گھیر لیا ۔ نیب اور رینجرز اہلکاروں نے نواز شریف اور مریم نواز کو طیارے سے اتارا۔ 2 گھنٹے تاخیر کے بعد طیارے نے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تھا۔پہلے یہ پرواز جمعہ کی شام سوا 6 بجے لاہور پہنچنی تھی تاہم تاخیر کے باعث پونے 9 بجے لاہور پہنچی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنما 6 جولائی کوایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد گرفتاری دینے کے لئے پاکستان آئے ہیں۔