نواز شریف اور مریم اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد..سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو نیب کی ٹیم نے لاہور ایئرپورٹ سے حراست میں لے کر اسلام آباد پہنچادیا ۔احتساب عدالت کے حکم پر نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔اس سے قبل لاہور ائیر پورٹ پرایف آئی ا نے طیارے کے اندر نوا شریف اور مریم نواز کے پاسپورٹس تحویل میں لے کر امیگریشن کی کارروائی طیارے کے اندر ہی مکمل کی۔ دونوں کو حراست میں لینے کے بعد خصوصی طیارے سے انہیں اسلام آباد منتقل کیا گیا۔چیف کمشنر اسلام آباد نے سہالہ پولیس ٹریننگ کالج ریسٹ ہاوس کو اگلے احکامات تک سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، کچھ دیر بعد دوسرا نوٹی فکیشن جاری ہوا جس میں مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاوس میں رکھنے کے لئے اسے تاحکم ثانی سب جیل قرار دیا گیا ۔ اس میں نواز شریف کا نام شامل نہیں ۔ رات گئے اسلام آباد ایئرپورٹ سے نواز شریف اور مریم نواز کو جیل قوانین کے مطابق طبی معائنے کے لئے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔رات کو خصوصی عدالت لگا کر جیل منتقلی کے احکامات حاصل کئے گئے ۔بعد ازاں مریم کو بھی نواز شریف کے ساتھ اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ دریں اثناء مریم نواز نے اپنے والد نوازشریف کا ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے جس میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے میں یہ قربانی آپ کی نسلوں اور پاکستان کے مستقبل کے لئے دے رہاہوں۔