دھاندلی ہوئی تونتائج کو تسلیم نہیں کریں گے،شہباز شریف
لاہور... مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر شکوک و شبہات بڑھتے جارہے ہیں۔اگر انتخابات میں کسی بھی حوالے سے دھاندلی ہوئی تونتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔ تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کر کے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ہمار امطالبہ ہے کہ عدالت عظمیٰ نوٹس لے ۔ ایسا نہ ہو کہ دیر ہو جائے۔اگر عوام کا انتخابی عمل سے اعتماد اٹھ گیا تو یہ بہت بڑا دھچکا ہوگا۔پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔جیل میں دہشتگردوں کا ٹرائل ہوتا ہے۔نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا جیل میں ٹرائل کا فیصلہ نا انصافی ہے۔غیر منصفانہ سزا کے خلاف اپنا سیاسی اور قانونی حق استعمال کریں گے۔ جلدپر امن احتجاج کی کال دوں گا ۔پورے ملک میں ہونے والے انتخابی جلسوں کے شرکاءکالی پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ہند ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الزام خان نے بہتان تراشی کی ہے کہ جب بھی نواز شریف پر برا وقت آتا ہے۔ ملک میں دہشتگردی شروع ہو جاتی ہے یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔کیا یہ سیاسی لیڈر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام نے دیکھا کہ پورا لاہور شہر سڑکوں پر تھا ۔نگران حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے دھو نس دھاندلی ، رکاوٹوں اورخوف کی صورتحال کے باوجود نواز شریف کے استقبال کے لئے لاہور میں عوام کا سمندر تھا ۔ اپنے سیاسی کیرئیر میں آج تک ایسی ریلی اور استقبال نہیں دیکھا ۔سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ دوسرے شہروںسے آنے والے قافلوں کو داخلی راستوں پر رو کا گیا ۔میری اپیل پر لاکھوں کا مجمع ہونے کے باوجود مکمل پر امن رہا اور ایک لائٹ تو کیا گملابھی نہیں ٹوٹا ۔پولیس کی جانب سے ہمارے کارکنوں پر بلا جواز تشدد کیا گیا اس پر جلد قانون حرکت میں آئے گا ۔جنہوں نے زیادتی کی ہے وہ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے ۔ انہیں قرار واقعی سزا ملے گی ۔