عمران خان سیاسی بہروپیئے ہیں، مریم اورنگزیب
راولپنڈی... مسلم لیگ (ن) کی ترجمان وسابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی بہروپیئے ہیں وہ اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ عوام نے عمران کی گالیوں کی سیاست کو مسترد کردیا۔عمران خان نے جو شیروانی سلوائی ہے وہ چوتھی مرتبہ کسی اور طریقے سے پہن لیں۔25 جولائی کو عوام عمران خان کی سیاست کو دفن کردینگے ۔ مریم اورنگزیب کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے محمد نوازشریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے حق میں ریلی نکالی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے سیالکوٹ ، جھنگ اور فیصل آباد کے جلسے ناکام رہے ہیں۔عوام نے ان کی گالیوں کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ،انہیں ناکام جلسوں کی ہیٹ ٹرک کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلسے کی خالی کرسیوں کے بعد اب بلے کے نصیب میں خالی پرچیاں ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں چل سکتے وہ ایک سیاسی بہروپیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کےخلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاقتورجمہوریت کا سورج جلد طلوع ہوگا۔