مکہ میں 33ٹن زائد المیعاد غذائی اشیاءضبط کر کے تلف کر دی گئیں، ایف ڈی اے
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
مکہ مکرمہ.... سعودی ایف ڈی اے نے مکہ مکرمہ میں حج موسم کے دوران فروخت کرنے کیلئے تیار 33ٹن زائد المیعاد غذائی اشیاءضبط کر کے تلف کرا دیں۔ کھانے پینے کی یہ چیزیں انسانی استعمال کے قابل نہیں تھیں۔ روڈ سیکیورٹی فورس اور مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے تعاون سے الشمیسی ، الجموم اور بحرہ سے مکہ مکرمہ جانیوالی شاہراہوں پر چھاپے مار کر ناقابل استعمال غذائی اشیاءبرآمد کی گئیں۔ ان دنوں سعودی عرب کے متعلقہ حکام غذائی اشیاءمنتقل کرنے والی گاڑیوں کی تفتیش سختی سے کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ان گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے جو کھانے پینے کی اشیاءحفظان صحت کے مقررہ ضوابط کو نظر انداز کر کے ایک جگہ سے دوسری جگہ لیجارہے ہوتے ہیں۔ ان دنوں مملکت بھر میں درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھا ہوا ہے۔ ایسے عالم میں کھانے پینے کی چیزیں مقررہ پابندیوں کے ساتھ منتقل نہ کرنے کی صورت میں ناقابل استعمال ہو جاتی ہیں اور ان سے بدبو آنے لگتی ہے۔ سعودی ایف ڈی اے روڈ سیکیورٹی فورسز سمیت متعدد اداروں کے تعاون و اشتراک سے چھاپہ مہم چلائے ہوئے ہے۔