انٹرپول نے اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کردئیے
اسلام آباد... انٹرپول نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کردئیے۔ نیب کے ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے ریڈ وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وزارت داخلہ نے سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ کے اجراء کی منظوری دی یہ منظوری نیب کی جانب سے درخواست پر دی گئی ۔ سیکرٹری داخلہ کی منظوری کے بعد ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کا کیس انٹر پول کو ارسال کیا تھا۔ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے سینیٹر اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط بھی لکھا ہے ۔ایف آئی اے نے انٹرپول کو اسحاق ڈار کی برطانیہ سے گرفتاری میں مدد کی درخواست کی ہے۔ انٹرپول کے سیکرٹری جنرل کو اسحاق ڈار کی گرفتاری کا ریفرنس ارسال کیا گیا ۔ انٹرپول کوبھجوائے گئے خط کے ساتھ اسحاق ڈار کو احتساب عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دینے سمیت ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری اور اثاثہ جات ریفرنس کی تفصیلات منسلک ہیں۔