بلاول نے موثر انتخابی مہم چلائی،چوہدری نثار
اتوار 22 جولائی 2018 3:00
اسلام آباد ... سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سب سے موثر مہم بلاول بھٹو نے چلائی۔ یہ پنجاب میں آئندہ کے لئے پیپلزپارٹی کی سرمایہ کاری ہے۔ ٹی وی انٹرویو اور انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خیال میںسب سے موثر اور کا میاب انتخابی مہم پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو نے چلائی ۔ ہو سکتا ہے کہ موجودہ انتخابات میں اس کا کوئی فائدہ نہ ہو تا ہم یہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں پیپلزپارٹی سمیت ہر جماعت کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ نواز شریف کے خلاف آگیا تو پھر اسے عدالت میں لڑیں۔عدالت سے نہ لڑیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے اس طرح وفاداری نبھائی جیسے سگا بھائی نبھاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چپ بھی رہ سکتا تھا لیکن میں نے سچی بات کہی۔ یہ نواز شریف کا کام تھا کہ خوشامدیوں کی نہ سنتے۔ میری بات سنتے۔ نواز شریف نے کہا اگر ٹکٹ چاہیے تو درخواست دو میں نے کہا آپ لاہور کے ہو تو میں پوٹھوہار سے ہوں درخواست نہیں دوں گا۔