راولپنڈی...اڈیالہ جیل میں اسیر نوازشریف نے کہا ہے کہ25 جولائی کا تاریخی دن آن پہنچا ۔میرے آزاد وطن کے غلام بنادیئے جانے والے لوگو! بدل ڈالو یہ سب کچھ۔گھروں سے نکلو اور شیر پر مہر لگاو۔ایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جو ان تمام فیصلوں کو بہالے جائے جنہوں نے پاکستان کو انصاف کا قبرستان بنادیا ۔ مریم نواز کے ٹوئٹر اکاونٹ سے نوازشریف کا الیکشن سے قبل قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو اپنے حقوق کی آزادی اور ووٹ کی عزت کے لئے اٹھ کھڑے ہو ۔ریکارڈڈ آڈیو پیغام میں نوازشریف نے کہاکہ جیل سے بول رہا ہوں۔ 25 جولائی کا تاریخی دن آن پہنچا ہے۔ جیل میں بھی آپ کا جوش و خروش اور ولولہ دیکھ رہا ہوں۔ووٹ کو عزت دو کے نعرے سن رہا ہوں۔ کہنا چاہتا ہوں کہ برسوں سے ہمارا مقدر بن جانے والی خرابیوں کی گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا لگانے کا لمحہ آگیا ۔ میرے آزاد وطن کے غلام بنادیئے جانے والے لوگو! بدل ڈالو یہ سب کچھ ، میں اور مریم اس لئے قید میں ہیں کہ ہم نے آپ کی اور آپ کے ووٹ کی عزت کے لئے یہ تحریک اٹھائی ہے۔وقت آگیا کہ آپ اس تحریک کو کامیاب بنائیں۔ ایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جو ان تمام فیصلوں کو بہالے جائے جنہوں نے پاکستان کو انصاف کا قبرستان بنادیا ہے ۔ 25 جولائی کو صبح فجر کی نماز کے بعد بھرپور عزم کیساتھ نکلو اور اپنے عزت اور ووٹ کی حرمت کیلئے مسلم لیگ ن کو ووٹ دو، شیر کے نشان کو ، ملک کی تقدیر بدل ڈالو۔یہ سنہری موقع ہے ۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔