تحریک انصاف کا لاہور میں پاور شو
لاہور ...تحریک انصا ف نے انتخابی مہم کے آخری دن لاہور میں پاور شو کا مظاہر ہ کیا چیئر مین عمران خان نے لاہور میں کئی انتخابی اجتماعات سے خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان جتنا ڈرامہ کررہاہے۔ اتنا تو فلموں میں بھی نہیں ہوتا ۔ چوری نہ کرتے اور نہ جیل جاتے۔ ایماندار آدمی کبھی خوف کی وجہ سے یا پیسے کے لئے اپنا ضمیر نہیں بیچتا۔انہوں نے کہا کہ چور اور ڈاکو ملک کو مقروض کرگئے۔ ایک طرف اربوں کے پراجیکٹس ہیں تو دوسری طر ف پینے کا پانی نہیں ، نوجوان بیروز گار پھر رہے ہیں۔ اسپتالوںمیں ایک ایک بیڈ پر چارچار مریض پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کا وقت ہے۔ 25 جولائی کو خود بھی ووٹ کے لئے گھروں سے نکلنا ہے اور دوسروں کو بھی نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کہتے ہیں کہ اڈیالہ جیل میں مچھر کاٹ رہے ہیں اور گرمی لگ رہی ہے۔ ائر کنڈیشنر لگ رہے ہیں۔ یہ انڈین فلموں والی اداکاری کررہے ہیں بلکہ اتنی اداکاری تو انڈین فلموں میں بھی نہیں ہوتی۔ عمران خان نے کہا کہ چور ی نہ کرتے اور نہ جیل جاتے۔شریف خاندان جتنا مظلومیت کا ڈرامہ کر رہا ہے۔ نواز شریف کو جیل میں گرمی لگتی ہے۔ا گر وہ قوم کا پیسہ چوری نہ کرتے تو انہیں جیل نہ جانا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان سب کو گھروں سے باہر نکالیں اور میرا دل کہہ رہا ہے کہ اب فرعونیت ختم ہوجائیگی۔ یہ وقت کے فرعون ہیں جو عابد باکسرجیسے لوگوں سے قتل کر واتے تھے۔ اب 25جولائی کو لاہور اور پورے پنجاب کو ان ظالموں سے نجات مل جائیگی۔