فوج کی زیر نگرانی انتخابی سامان کی ترسیل جاری
اسلام آباد: ملک بھر میں کل ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی 272 میں سے 270 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 577 میں سے 570 نشستوں پر کل ملک بھر میں رائے شماری ہوگی۔ جس میں 12 ہزار 570 امیدوار مجموعی طور پر انتخابی میدان میں اترے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آج الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے اور بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچایا جارہا ہے ۔ پولنگ اسٹیشن پرتعینات پاک فوج کے جوان بھی پریزائڈنگ آفیسرزکے ساتھ ہیں جب کہ فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچائیں جائیں گے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 17 ہزار سے زائد اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن 2018ء میں پہلی بار تعلیمی اداروں کے علاوہ دیگر اداروں سے بھی ملازمین کو انتخابی ڈیوٹی کا حصہ بنایا گیا ہے ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ سے 6 ہزار سے زائد اساتذہ کو الیکشن سے متعلق تربیت دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں سامان کی ترسیل کا کام آج شام سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دوردرازعلاقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل رات تک جاری رہے گی۔ پولنگ کا عملہ اورفوجی جوان آج رات پولنگ اسٹیشنز پر ہی قیام کریں گے تاہم خواتین پر مشتمل عملہ اس سے مستثنیٰ ہوگا۔ پاک فوج کے جوان اورپولیس اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کی گنتی مکمل ہونے تک موجود ہوں گے ۔