وہ پیشے جنہیں تبدیل نہیں کرایا جاسکتا، وزارت محنت نے بتادیا
ریاض.... وزارت محنت و سماجی بہبود نے واضح کیا ہے کہ ڈاکٹر اور انجینیئرکے پیشوں کا اندراج آن لائن نہیں ہو گا بلکہ سابقہ پیشہ تبدیل کرانے کی خاطر، ڈاکٹر یا انجینیئر کا پیشہ درج کرانے کیلئے مکتب العمل سے رجوع کرنا ہوگا۔ مطلوبہ اسناد اور دستاویزات بھی پیشہ میں ترمیم کیلئے پیش کرنا ہوگی۔وزارت محنت نے پیشے میں ترمیم کا طریقہ کار واضح کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ سب سے پہلے متعلقہ ادارے کے آن لائن اکاﺅنٹ پر جانا ہو گا۔ وہاں "پیشے میں تبدیلی(تغییر المھنہ) سروس طلب کرنا ہوگی، اس کے بعد ہویہ المقیم غیر ملکی کے شناختی کارڈ کا نمبر درج کرنا ہوگا۔ پھر مطلوبہ پیشے کی نشاندہی کرنا ہو گی۔ اس کے بعد مطلوبہ پیشے والا بٹن دبا کر درخواست بھیجنا ہو گی۔
عکاظ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت محنت کی ویب سائٹ پر متعدد پیشوں کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ ان میں سینما سے متعلق پیشے (پروڈکشن ڈائریکٹر، فوٹو گرافر، فلمی فوٹو گرامر، فلمی ہدایتکار،ریڈیائی ہدایتکار اور شو مشین آپریٹر قابل ذکر ہیں۔ وزارت محنت نے ایسے پیشوں اور اسامیوں کی بھی نشاندہی کر دی ہے جن کی 100فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ مثال کے طور پر زیورات فروش، ٹورسٹ گائیڈ اور موبائل فروش کے پیشے قابل ذکر ہیں۔ اقتصادی مشیر عبداللہ الیحیٰ نے بتایا کہ غیر ملکیوں کو پیشوں میں تبدیلی کی دوبارہ اجازت دینے کا فیصلہ لیبر مارکیٹ کیلئے مفید ثابت ہو گا۔ تقریباً ایک برس سے اس پر پابندی تھی اس سے مارکیٹ میں اصلاحات آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئر ، ڈاکٹرز اور چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ جیسے پیشے درج کرانے کیلئے دستاویزات اور اسناد پیش کرنا ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ درخواست دینے کے ایک ہفتے بعد وزارت پیشے میں تبدیلی کی منظوری یا نامنظوری کے بارے میں آگاہ کرے گی۔ اس دوران اسناد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ مطلوبہ پیشے کیلئے سعودی مہیا ہیں یا نہیں۔
مزید خبروں کے لئے اردو نیوز ایپ ڈاؤن لوڈ کریں