اچھی قیادت ملک کی تقدیر بدلے گی،چیف جسٹس
لاہور ... سپریم کورٹ کے چیف جسٹں ثاقب نثار نے کہا کہ دعا ہے کہ ملک کو اچھی قیادت میسر آئے۔اچھی قیادت ملک کی تقدیر بدل دیتی ہے۔ ڈیموں کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی 55 لاکھ کے چیک ملے ہیں مگر وہ اپنے نام کی تشہیر نہیں چاہتے۔ سینیئر صحافیوں سے ملاقات میں چیف جسٹس نے کہا کہ ملکی عدالتی تاریخ میں سپریم کورٹ کے ا سٹاف نے چھٹی کے باوجود کام کیا جس پر ان کا مشکور ہوں۔ چیف جسٹس نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود این اے 130 میں گورنمنٹ ماڈل ٹاو¿ن گرلز ہائی اسکول میں ووٹ ڈالا۔ جسٹس ثاقب نثار نے ووٹ ڈالنے کیلئے پروٹوکول پر برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ وہ پروٹوکول کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پروٹوکول کی ضرورت نہیں ۔ عام شہری کی طرح اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ چیف جسٹس پاکستان نے زور دیا کہ آج ایک بڑا دن ہے۔ قوم اپنی نمائندے کو ووٹ دے منتخب کریں اور لیڈر چنے۔ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی ہو گی۔ چیف جسٹس نے باور کرایا کہ وقت پر انتخابات کرنے کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا ہے۔ چیف جسٹس نے پولنگ کے انتظامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔ چیف جسٹس پاکستان اپنا ووٹ ڈالنے کے فورا بعد سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے ،جہاں سائلین کی درخواستوں پر کارروائی کی۔